وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بلوچستان کے طلباء کی شکایات کے حوالے سے قائم کردہ کمیشن کے ارکان کی ملاقات

183
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بلوچستان کے طلباء کی شکایات کے حوالے سے قائم کردہ کمیشن کے ارکان کی ملاقات

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی سے جڑی ہے، قومی سیاسی قیادت بلوچستان کے عوام کو امن , دوستی اور خوشحالی کا پیغام دے رہی ہے ، صوبے کے تمام مسائل اور لاپتہ افراد کا مسئلہ ریاست کے تمام متعلقہ فریقین اکٹھے بیٹھ کر حل کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے طلباء کی شکایات کے حوالے سے قائم کردہ کمیشن کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔ کمیشن نے وزیراعظم کو بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلباء کی شکایات اور ان کے ازالے کے حوالے سے کمیشن کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹ پر بریفنگ دی ۔

وزیراعظم نے کمیشن کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ طلباء کی شکایات اور ان کے ازالے کے حوالے سے رپورٹ انتہائی جامع ہے اور انتہائی ایمانداری اور سنجیدگی سے مرتب کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی اور صوبائی ادارے رپورٹ میں دی گئی تجاویز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ بلوچ طلباء کے مسائل اور شکایات کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ طلباء پاکستان کا اثاثہ ہیں اور ان کی بہبود اور خوشحالی میں ہی پاکستان کی ترقی پنہاں ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ قومی سیاسی قیادت بلوچستان کی عوام کو امن ، دوستی اور خوشحالی کا پیغام دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تمام مسائل خصوصاً لاپتہ افراد کا مسئلہ ریاست کے تمام اسٹیک ہولڈرز اکٹھے بیٹھ کر حل کریں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے آئین اور قانون کے دائرہ کے اندر رہتے ہوئے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شراکت داری اور پارٹنرشپ کی حکمت عملی اپنا کر قومی اتحاد اور ترقی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی جڑی ہے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بلوچستان کی ترقی کے لئے ترقیاتی فنڈز کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خواتین اور معاشرے کے محروم طبقات کو مرکزی دھارے میں لانے کے لئے حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

ملاقات میں کمیشن کے کنوینئر رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل ،اور اراکین سینیٹر مشاہد حسین سید ،سینیٹر کامران مرتضیٰ، افراسیاب خٹک ، ناصر محمود کھوسہ ، میجر (ر )حسنین ایڈیشنل سیکرٹری سینیٹ نے شرکت کی ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، مشیر وزیراعظم احد چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔بلوچستان کے طلباء شکایات کے حوالے سے اس کمیشن کا قیام اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ستمبر 2022میں عمل میں آیا تھا۔