وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمٰن الثانی کی الوداعی ملاقات

182

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اور قطر تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسیع اور مستحکم کریں گے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمٰن الثانی نے الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں قطر کے سفیر کے کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے وفد کے حالیہ دورے کو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں قطر کی دلچسپی کا اظہار قرار دیا۔ وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی بات چیت اور غذائی تحفظ، توانائی، آئی ٹی، کان کنی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون میں اضافے کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں برادر ممالک تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسیع اور مستحکم کریں گے۔

وزیراعظم نے قطر کے سفیر کو ان کی مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سفیر نے مہمان نوازی اور گرم جوشی پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا جس نے پاکستان میں ان کے قیام کو واقعی یادگار بنا دیا۔ قطر کے سفیر نے 2020 میں کورونا وباء کے دوران پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور اپنی سفارتی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد رواں ماہ پاکستان سے روانہ ہو جائیں گے۔