اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں،پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیات بائیو ٹیک کے چیئرمین اور متحدہ عرب امارات کے حکمران خاندان کے رکن شیخ احمد دلموک المکتوم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایک وفد کے ہمراہ جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے حیات بائیو ٹیک کی جانب سے پاکستان کے فارماسیوٹیکل سیکٹر بالخصوص ویکسین کی تیاری میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے دورہ کرنے والے وفد کو قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغیب بھی دی اور یقین دلایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ شیخ احمد دلموک المکتوم نے کہا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے آگاہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات توانائی اور صحت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے ۔
انہوں نے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ معزز مہمان نے وزیر اعظم کو حکومت سندھ کے تعاون سے شروع کئے گئے 1200 میگاواٹ کے پاور پلانٹ منصوبے کے بارے میں بھی بتایا جو شمسی اور ہوا سے توانائی کا ایک ہائبرڈ پاور پلانٹ ہوگا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز عبدالقادر پٹیل، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ سرکاری محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔