وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے ناظم الامور کی ملاقات

191
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے ناظم الامور کی ملاقات

لاہور ۔4ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے ناظم الامور نے اتوار کو لاہور میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستانی قوم کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی پروازیں بھیجنے پرمتحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

اتوار کو وزیر اعظم میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے 50 ملین ڈالرز مالیت کا امدادی سامان بھیجنے پر متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان اور 50 ملین اماراتی درہم کی امداد پر متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم محمد بن راشد آل مکتوم کا شکریہ ادا کیا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ہر آفت کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور سفارتی اور خارجی محاظ پر متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے. پاکستان متحدہ عرب امارات سے اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔