وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پولیو کے خاتمے کے گلوبل پولیو ریڈکشن انیشیٹو (عالمی اقدام )کے وفد کی ملاقات

222
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پولیو کے خاتمے کے گلوبل پولیو ریڈکشن انیشیٹو (عالمی اقدام )کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پولیو کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے، سوائے کچھ مخصوص علاقوں کے ملک کے زیادہ تر حصوں سے پولیو کا خاتمہ کر دیا گیا ہے، سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے پورا ملک پولیو کے مکمل خاتمہ کیلئے متحد ہے، انسداد پولیو کے قومی اقدام کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پولیو کے خاتمے کے گلوبل پولیو ریڈکشن انیشیٹو (عالمی اقدام )کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت چیئرمین پولیو اوورسائٹ بورڈ اور بل اینڈ میلنڈ ا گیٹس فائونڈیشن کے صدر ڈاکٹر کرسٹوفر ایلس کر رہے تھے۔ وفد میں ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد المندھاری، ریجنل ڈائریکٹر یونیسف جارج لاریہ ادجی، نیشنل چیئرمین این پی پی سی عزیز میمن، روٹری انٹرنیشنل اور پولیو کے خاتمہ کے پروگرام کے شراکت داروں اور امدادی اداروں کے حکام شامل تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ ریگولیشنز عبدالقادر پٹیل بھی موجود تھے۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک سے پولیو کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے، ملک کے بیشتر حصوں سے پولیو کا خاتمہ کر دیا گیا ہے سوائے کچھ مخصوص علاقوں کے جنہیں وقفہ وقفہ سے ویکسی نیشن مہم کے ذریعے پولیو کے خاتمہ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پورا ملک پولیو کے مکمل خاتمہ کیلئے متحد ہے، پاکستان کی حکومت ملک کو پولیو سے پاک کرنے اور ہر بچے کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن، روٹری انٹرنیشنل، یونیسیف اور ڈبلیو ایچ او سمیت ہمارے شراکت داروں اور امدادی دینے والوں کی پولیو کے خاتمہ کیلئے مدد دینے پر شکر گزار ہے ۔ وفد نے پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کیلئے بھرپور حمایت اور عزم کا یقین دلایا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے انتھک کوششوں پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے حکومت کی ان کوششوں پر بھی روشنی ڈالی جن کے نتیجے میں وائرس کے پھیلاؤ پر اس حد تک قابو پایا گیا ہے کہ ملک کا بڑا حصہ پولیو سے پاک ہو چکا ہے جبکہ صرف چند علاقے باقی رہ گئے ہیں جہاں پر وقتاً فوقتاً انسداد پولیو کی مہم کے ذریعے پولیو کے خاتمہ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انسداد پولیو کی ٹیموں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے ، پاکستان کسی کو اس قومی کاوش کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز عبدالقادر پٹیل کو ہدایت کی کہ فوری طور پر پشاور کا دورہ کریں اور پولیو وائرس سے بچائو کیلئے بچوں کو قطرے پلانے کی کوششیں تیز کرنے اور بالخصوص خیبرپختونخوا کے ان علاقوں میں انسداد پولیو کی ویکسین کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت کے حکام کے ساتھ کوششیں کی جائیں جہاں پر پولیو کا وائرس ابھی بھی موجود ہے۔

ڈاکٹر کرسٹوفر ایلس نے وزیراعظم کیلئے بل گیٹس کی طرف سے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا اور وزیراعظم کو بتایا کہ بل گیٹس پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کیلئے ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعظم کے شکرگزار ہیں۔ یونیسیف کے کنٹری ڈائریکٹر نے وزیراعظم کو ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور ان علاقوں میں انسداد پولیو مہم کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے سیاسی معاملات سے بالاتر ہو کر ملک سے پولیو کے خاتمہ کیلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر وزیراعظم کی تعریف کی ۔