وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی الوداعی ملاقات

256

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو یہاں الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی پاک فوج ، ملکی دفاع اور قومی مفادات کے لئے خدمات کو سراہا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے جیواکنامکس کی اہمیت کے حوالے سے جنرل قمر جاوید باجوہ کے کردار کو سراہا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلوانے، کورونا وبا اور سیلاب سمیت مختلف بحرانوں میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج نے مثالی خدمات انجام دی ہیں، دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کے لئے جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج نے بڑی شجاعت و بہادری سے کردار ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تاریخ کے ایک مشکل مرحلے پر پاک فوج کی قیادت کی، دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیچیدہ علاقائی صورتحال میں جنرل قمر جاوید باجوہ کے قائدانہ کردار سے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں سمت کا تعین ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو معاشی قوت بنانے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو میثاق معیشت پر دستخط کرکے اجتماعی دانش کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے آرمی چیف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو دنیا کی بہترین فوج کی قیادت کا باعث فخر اعزاز حاصل ہوا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی امور کی انجام دہی میں بھرپور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سرکاری امور کی انجام دہی میں بھرپور تعاون پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔