وزیراعظم محمد شہباز شریف کا رانا ثناءاللہ کی منشیات اسمگلنگ مقدمے میں بریت پر اظہار تشکر

169
وزیراعظم محمد شہبازشریف سے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری کی ملاقات

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رانا ثناءاللہ کی منشیات اسمگلنگ مقدمے میں بریت پر اظہار تشکرکرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر جھوٹا مقدمہ سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے، اللہ اور اس کے رسول ؐ کی قسمیں کھانے والے جھوٹوں کو آج اللہ تعالی سے توبہ کرنی چاہیے، رانا ثناءاللہ کے خلاف جھوٹا کیس بننا اور عدالت سے ان کا بری ہونا عوام کے لئے بھی مثال ہے کہ سابق حکومت نے کس طرح جھوٹ پر جھوٹ بولا اور بے بنیاد مقدمے بنائے۔

ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے جس نے بے گناہ رانا ثناء اللہ کو انصاف دیا، اللہ اور اس کے رسولؐ کی قسمیں کھانے والے جھوٹوں کو آج اللہ تعالی سے توبہ کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے، بہادر رانا ثناء اللہ نے بدترین سیاسی انتقام کے باوجود شکایت کا کبھی ایک لفظ نہیں کہا۔

شہباز شریف نے کہا کہ وقت کے منصف نے سچ جھوٹ، کھرے کھوٹے، بے گناہ اور گناہگاروں میں واضح لکیر کھینچ دی ہے، بدترین سیاسی انتقام کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر رانا ثناءاللہ سمیت پارٹی اور سیاسی جماعتوں کے دیگر قائدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کے خلاف جھوٹا کیس بننا اور عدالت سے ان کا بری ہونا عوام کے لئے بھی مثال ہے کہ سابق حکومت نے کس طرح جھوٹ پر جھوٹ بولا اور بے بنیاد مقدمے بنائے۔