سکھر۔26اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کے دن سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سکھر ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا ۔ ریلیف کیمپ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ، وفاقی وزیر سید خورشید شاہ ، وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے حکام نے وزیراعظم کو متاثرین کی بحالی کےکاموں پر بریفنگ دی ۔سکھر میں بریفنگ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو بتایا گیا کہ بعض علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے شہروں کا رابطہ منقطع ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کی جا رہی ہے، بعض علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے مواصلاتی رابطے منقطع ہیں، شہر اور دیہاتوں کا انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے، تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں،سیلاب سے لائیو سٹاک اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں 43فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں، فلڈ ریلیف کیمپ میں متاثرین کو ادویات اور کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیر توانائی کو سندھ میں رہنے کی ہدایت کی ۔ بعد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی کی ۔