وزیراعظم محمد شہباز شریف کا متحدہ عرب امارات کے قومی ہیروز کی یاد میں تعمیر کئے گئے واحة الكرامة کا دورہ

267

ابوظہبی۔12جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے قومی ہیروز کی یاد میں تعمیر کئے گئے واحة الكرامة کا دورہ کیا اور وطن کے دفاع اور تحفظ کیلئے متحدہ عرب امارات کے شہداء کی قربانیوں اور بہادری کے کارناموں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈنگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے وطن کے دفاع اور اس کے تحفظ کے لئے متحدہ عرب امارات کے شہداء کی قربانیوں اور بہادری کے کارناموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ابوظہبی میں قومی اور ثقافتی تاریخی مقام واحة الكرامة کا دورہ کیا۔ وزیر اعظم کا استقبال ایگزیکٹو ڈائریکٹر مارٹرز فیملیز افیئر، آفس خلیفہ بن تہنون نے کیا۔ وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کی پروقار تقریب میں شرکت کی۔

اس کے بعد وزیر اعظم نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیراعظم نے واحة الكرامة کا تفصیلی دورہ بھی کیا جہاں انہیں یادگار کے بارے میں بریفنگ دی گئی جو اماراتی بہادر فوجیوں کی قربانیوں کی یاد میں تعمیر کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے یادگار کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے خیالات قلمبند کئے ۔

واحة الكرامة متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایک قومی اور ثقافتی نشان ہے جو متحدہ عرب امارات کے شہداء کی بہادری اور یو اے ای کے دفاع میں ان کی قربانیوں کی یاد میں قائم کیا گیا تھا۔