اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی کابینہ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے عام انتخابات کے حوالہ سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 21 ارب روپے کی فراہمی کے حوالہ سے وفاقی وزارت خزانہ کی سمری پارلیمنٹ کو ریفر کرنے، الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک رکشوں کے حوالہ سے فنانسنگ فسیلیٹی اور انویسٹ پاکستان کے لئے قانون سازی کرنے کی منظوری دے دی جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نےکبل سوات کے سی ٹی ڈی سٹیشن میں ہونے والے واقعہ کی تحقیقات میں وفاقی حکومت کا نمائندہ شامل کرنے اور شہیدہونے والوں کو شہداء پیکیج دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سوات کے علاقے کبل میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پولیس سٹیشن میں ہونے والے واقعہ کے نتیجہ میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا اور شہداء کے لئے فاتحہ خوانی اور حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی گئی۔ وزیراعظم نے وفاقی وزارت داخلہ کو کبل سوات کے سی ٹی ڈی سٹیشن میں ہونے واقعہ کی تحقیقات میں وفاقی حکومت کا نمائندہ شامل کرنے کی ہدایت کی ۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ پشاور پولیس لائن دھماکے میں شہید ہونے والوں کو جو پیکیج دیا گیا اسی طرز پر شہداء پیکیج کبل واقعہ میں شہید ہونے والوں کی بھی دیا جائے ۔ وفاقی کابینہ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 21 ارب روپے کی فراہمی کے حوالے سے وزارت خزانہ کی سمری کو پارلیمنٹ کو ریفر کرنے کی منظوری دے دی ۔ وفاقی کابینہ نے سرمایہ کاری بورڈ کی سفارش پر انویسٹ پاکستان کے لئے قانون سازی کرنے کی منظوری دے دی، اس قانون سازی کے ذریعے سرمایہ کاری بورڈ کے تحت ”انویسٹ پاکستان“ کا دفتر قائم کیا جائے گا جو کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میں کام کرے گا، مذکورہ قانون سازی سرمایہ کار دوست سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد دے گی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ کے 8 نومبر 2017ء کے فیصلے جس میں تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو اس بات کا پابند کیا تھا کہ وہ اپنے ایکٹ اور رولز میں لفظ ”وفاقی حکومت“ کی جگہ ’’موزوں اتھارٹیز‘‘ کا استعمال کرنے کے لئے ترامیم کریں، کے حوالے سے گائیڈ لائنز کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت بحری امور کی سفارش پر اِن لینڈ ریوینو سروس کے گریڈ21 کے افسر سیدین رضا زیدی کو ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر کراچی پورٹ ٹرسٹ کا چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 13 اپریل 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ان فیصلوں میں جنوبی وزیرستان کے انگور اڈہ کسٹم اسٹیشن کو افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے لئے ایکسپورٹ لینڈ روٹ ڈیکلیئر کرنے کی منظوری شامل ہے۔ مزید برآں انہی فیصلوں میں ماحول دوست الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک رکشوں کا استعمال عام کرنے کے لئے فنانسنگ فسیلیٹی کی منظوری بھی شامل ہے جس کے تحت 5 لاکھ روپے کا قرضہ پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگرکلچر لون اسکیم کے ذریعے صفر فیصد مارک اَپ پر دستیاب ہوگا۔ اس اقدام سے ملک کو مہنگے ایندھن کے درآمد کی مد میں خاطر خواہ بچت ہو گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=360940