وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا پہلا اجلاس

108

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بین الاقوامی ماہرین کی مشاورت سے سیلاب کی روک تھام کیلئے جامع قومی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو قدرتی آفات سے بچانے کیلئے مؤثر نظام اور بہتر بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار نہوں نے پیر کو یہاں ایرا ہیڈکوارٹرز میں نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ پوری مستعدی اور بین الاقوامی ماہرین کی مشاورت کے بعد سیلاب کی روک تھام کیلئے جامع قومی منصوبہ تیار کیا جائے ، ملک میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لئے ایک قابل عمل لائحہ عمل پیش کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی تاکہ مستقبل میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔

وزیر اعظم نے صوبائی چیف سیکرٹریوں سے کہا کہ وہ ریور بیڈ میں زمین کے استعمال سے متعلق زوننگ قوانین اور ضوابط پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ مستقبل میں ایسی کسی بھی تباہی سے بچا جا سکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم اے)، پاکستان آرمی انجینئرنگ کور اور صوبائی محصولات کے محکموں کے نمائندوں کی طرف سے ایک مشترکہ سروے کیا جا رہا ہے تاکہ نقصانات سے متعلق معتبر اعداد و شمار اکٹھے کئے جا سکیں۔

قبل ازیں وزیراعظم کو نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (این ایف آر سی سی) کی ٹیم نے بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ این ایف آر سی سی بچاؤ، ریلیف اور بحالی کی تین جہتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے تاکہ ملک میں خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں تاریخی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو مؤثر طریقے سے کم کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سنٹر (این ایف آر سی سی) وزیر اعظم کی ہدایت پر قائم کیا گیا تھا تاکہ ماحولیاتی تبدیلی سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لئے وفاقی اور صوبائی محکموں کی سیلاب سے نمٹنے کی کوششوں کو مربوط بنایا جا سکے۔