وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں بھارت کی حمایت یافتہ پراکسی فتنتہ الخوارج کے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت

3
Prime Minister Shehbaz Sharif
Prime Minister Shehbaz Sharif

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں بھارت کی حمایت یافتہ پراکسی فتنتہ الخوارج کے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے صوبیدار زاہد اقبال،حوالدار سہراب خان، حوالدار میاں یوسف ، نائیک خطاب شاہ، لانس نائیک اسماعیل ، سپاہی راحیل ، سپاہی محمد رمضان ، سپاہی زبیر ، سپاہی محمد سخی، سپاہی نواب ،سپاہی ہاشم عباسی ،سپاہی مدثر اعجاز اور سپاہی منظر علی کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے دہشت گرد حملے میں معصوم شہریوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہارکیا۔وزیراعظم نے شہداء کی بلندی ء درجات کی دعاء اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 14 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کی،پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔