وزیراعظم محمد نواز شریف ”پائیدار ٹرانسپورٹ عالمی کانفرنس“ میں شرکت کے لئے ترکمانستان پہنچ گئے

123

اشک آباد ۔ 25 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف ”پائیدار ٹرانسپورٹ عالمی کانفرنس“ میں شرکت کے لئے جمعہ کو دو روزہ دورہ پرترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد پہنچ گئے۔ وہ ترکمانستان کے صدر کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے تحت اشک آباد میں ”پائیدار ٹرانسپورٹ بارے عالمی کانفرنس“ میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اپنے دورہ کے دوران ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف سے بھی ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اقوام متحدہ کے تحت پہلی مرتبہ یہ کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے جس کی میزبانی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور ترکمانستان مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔