
پاکستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود اولین ایجنڈا ہے، کچھ لوگ ترقیاتی ایجنڈے کو روکنا چاہتے ہیں، ان لوگوں نے ہمیشہ ہمارے ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے، عوام نواز شریف کے ساتھ ہیں اور وہ ترقی کے ایجنڈے کو روکنے والوں کا کبھی ساتھ نہیں دیں گے
وزیراعظم محمد نواز شریف کا سانگلہ ہل انٹرچینج کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بڑے عوامی اجتماع سے خطاب
سانگلہ ہل ۔ 11 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو اپنا اولین ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ لوگ ترقیاتی ایجنڈے کو روکنا چاہتے ہیں، ان لوگوں نے ہمیشہ ہمارے ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے، ایسے لوگوں کا ایجنڈا ناکام اور ہمارا کامیاب ہو کر رہے گا، عوام نواز شریف کے ساتھ ہیں اور وہ ترقی کے ایجنڈے کو روکنے والوں کا کبھی ساتھ نہیں دیں گے۔ وہ جمعہ کی سہ پہر یہاں فیصل آباد۔ پنڈی بھٹیاں موٹروے پر سانگلہ ہل انٹرچینج کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے سانگلہ ہل کےلئے گیس کی فراہمی، ننکانہ صاحب میں 250 بستروں کے ہسپتال کا جلد سنگ بنیاد رکھنے، فیصل آباد ساہیانوالہ ایکسپریس وے کی تعمیر اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 103 کے دیہات کو سوئی گیس فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔