وزیراعظم کا فوجی مشق رعد البرق کے موقع پر تقریب سے خطاب

120
APP107-16 BAHAWALPUR: November 16 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif addressing at military exercise "Raad ul Burq" in Cholistan desert (Khairpur Tamewali). APP photo by Qasim Ghauri

خیرپور ٹامیوالی ۔ 16 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان کی مسلح افواج بلاشبہ مضبوط حربی صلاحیتوں کی حامل ہیں جو کسی بھی خارجی اور علاقائی سکیورٹی چیلنجوں سے نمٹنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہیں۔ بدھ کو یہاں پاک فوج اور پاک فضائیہ کی مشترکہ فوجی مشق رعد البرق دیکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی قومی سالمیت اور اقتصادی خوشحالی کے خلاف ملک کے دشمنوں کے عزائم سامنے آ گئے ہیں تاہم مسلح افواج کا عزم و استقلال دشمنوں کے مکروہ عزائم کے خلاف مضبوط دفاع ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی مشق رعد البرق نے قومی دفاع کیلئے ملک کی مسلح افواج کے عزم کو تقویت دی ہے اور یہ امر قابل اطمینان ہے کہ مسلح افواج اپنی صلاحیتوں کے باعث دنیا کی بہترین جنگی فوج بن گئی ہے۔ انہوں نے فوجیوں سے اظہار تشکر کیا جو ہمہ وقت چوکس ہیں اور ملک کیلئے عظیم قربانیاں دینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قومی دفاع کی طاقت ہمارے ڈیفنس اسٹرکچر کے تمام حصوں سے ابھرتی ہے جو ایک جسم کی طرح کام کرتے ہیں اور دشمن کے خلاف ناقابل تسخیر ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کا کوئی ملک اپنی قومی سلامتی سے غافل نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سٹرٹیجک وژن ہمارے مادر وطن کے دفاع کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دوسرے ممالک کے داخلی امور میں عدم مداخلت کی پالیسی عمل پیرا ہے جو خط میں پائیدار امن چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کا ایک بڑا ہدف رہا ہے جن کی پشت پناہی اور مالی مدد بیرونی عناصر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ملک اپنی خود مختاری پر ایسے حملے برداشت نہیں کر سکتا۔