
مظفر آباد ۔ 05 مئی (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نیا پاکستان تعمیر کر رہے ہیں، ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لے جا رہے ہیں، آئندہ چند سالوں میں پاکستان معاشی قوت بن کر ابھرے گا، مخالفین آنکھیں کھولیں کبوتر کی طرح آنکھیں بند نہ کریں، اب ہر ماہ نئے پاور پراجیکٹس کا افتتاح ہو رہا ہے۔ جمعہ کو یہاں 969 میگاواٹ کے نیلم جہلم پن بجلی منصوبہ کی سرنگوں کی کھدائی کا کام مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے 2013ءمیں اقتدار سنبھالنے کے بعد توانائی سمیت ملک کو درپیش دیگر چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے تیزی سے کوششوں کا آغاز کیا اور نیلم جہلم پاور پراجیکٹ جو مشکلات کا شکار تھا، پر توجہ دی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین روز ٹی وی پر آ کر الزام تراشی اور گالیاں دیتے ہیں حالانکہ انہی لوگوں نے قوم کو عذاب میں مبتلا کیا، ہم نے سنجیدگی سے ترقیاتی کام شروع کئے، پہلے 18، 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی اور صنعتیں بند تھیں، آج صنعتوں کو وافر مقدار میں بجلی اور گیس مل رہی ہے، ہم نے کام کیا، مخالفین کی گندی زبان کا جواب نہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کیلئے منصوبوں میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے، نیلم جہلم پراجیکٹ کی 68 کلومیٹر طویل سرنگوں کی تعمیر ایک عجوبہ ہے، ہم پانی، ہوا، کوئلہ اور جوہری توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگا رہے ہیں، آئندہ سال کے اوائل تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو گی۔