
حویلیاں ۔ 4 مئی (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہزارہ موٹروے کے زیر تعمیر حصے کا دورہ کیا اور تعمیری معیار کا معائنہ کیا۔ جمعرات کو برہان تا حویلیاں ای 35 منصوبہ کے معائنہ کے بعد وزیراعظم کو منصوبہ پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کو بتایا گیا کہ 59 کلومیٹر طویل ای 35 چھ رویہ موٹروے تعمیر کے مراحل میں ہے، منصوبے پر کام کی رفتار بڑھانے کیلئے ای 35 موٹروے کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلا حصہ برہان جھاری کس 20.4 کلومیٹر طویل ہے، سیکشن ٹو جھاری کس سے سرائے صالح 19.2 کلومیٹر جبکہ تیسرا سیکشن سرائے صالح سے حویلیاں تک 19.4 کلومیٹر طویل ہے۔ یہ منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری کا اہم حصہ ہے جس سے مقامی آبادی کی زندگیوں میں بڑی تبدیلی آئے گی۔ اس کی تعمیر سے برہان سے حویلیاں کا فاصلہ 30 منٹ میں طے ہو گا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے نومبر 2014ءمیں ہزارہ موٹروے کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ اس منصوبہ کی لاگت کا تخمینہ 30 ارب روپے سے زائد ہے، یہ منصوبہ رواں سال دسمبر تک مکمل ہو جائے گا، اس منصوبہ میں ایشیائی ترقیاتی بینک کا تعاون بھی حاصل ہے۔