
نیویارک ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ20 کروڑ کی نوجوان اور فعال آبادی، صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب اور اس کے ساتھ ساتھ مستحکم معیشت اور سلامتی کی بہتر صورتحال کے تناظر میں پاکستان منافع بخش سرمایہ کاری اور تجارت کیلئے شاندار مواقع کی پیشکش کرتا ہے۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے امریکی منڈیوں تک ترجیحی تجارتی رسائی دی جائے تاکہ پاکستان اور امریکا کے کاروباری افراد کو ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار کرنے کے شفاف مواقع حاصل ہو سکیں، دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے اس طرح کا انتظام ضروری ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ان خیالات کا اظہار امریکا پاکستان بزنس کونسل اور امریکی ایوان صنعت و تجارت کی جانب سے مشترکہ طور پر دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ا نہوں نے کہا کہ ہماری معاشی کامیابیاں خاص طور پر قابل تعریف ہیں کیونکہ یہ کامیابیاں ہم نے ایسے وقت میں حاصل کی ہیں جبکہ ہم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اہم آپریشنز میں مصروف ہیں،