اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی ) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی توجہ فلمی صنعت کی بحالی اور ترقی پر مرکوز ہے اور حکومت نے پاکستانی فلم انڈسٹری کی ترقی اور استحکام کیلئے بھارتی فلموں کی نمائش کے اثرات کا جائزہ لینے کے بعد موجودہ پالیسی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سینما انڈسٹری کی بحالی اور فروغ کیلئے کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں پالیسی مرتب کی گئی ہے تاکہ فلم انڈسٹری کو فروغ دیکر قومی ثقافت کی ترویج کی جاسکے ۔ اپنے بیان میں وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستانی فلم انڈسٹری کو درپیش چیلنجز کے حل کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس نے صورتحال کے جائزہ کیلئے نامور فنکاروں ، پروڈیوسرز اور نمائش کنند گان سمیت تمام فریقین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1965ءسے اب تک کے جائزہ سے اس بات کے شواہد ملے ہیں کہ مقامی سینماﺅں میں بھارتی فلموں سمیت غیر ملکی مواد کی نمائش کے پاکستانی فلمی صنعت اور انڈسٹری کی ترقی پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔