وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس
وزیراعظم کے حوالے سے انٹرنیشنل کنسورشیم فار انویسٹی گیٹو جرنلسٹ کی جانب سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات کی سخت مذمت
کنسورشیم نے اسے ایک صحافتی غلطی قرار دیا ہے، کنسورشیم اس غلطی کے ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف فوری کارروائی کرے، کابینہ کا مطالبہ
مسلم لیگ (ن) اور پاکستان کے عوام، چند مفاد پرست اور ترقی دشمن افراد کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پاکستان کی خوشحالی اور عوامی ترقی کے اس سفر کو سبوتاژ کریں،وفاقی کابینہ کا عزم
ہماری اقتصادی پالیسیاں عوام کی فلاح و بہبود کی حامل ہیں، ہماری توجہ اقتصادی ترقی کے فوائد کو عام آدمی تک یقینی بنانے پر مرکوز ہونی چاہیے،وزیراعظم محمد نواز شریف
اسلام آباد ۔ 27 اپریل (اے پی پی)وفاقی کابینہ نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے حوالے سے انٹرنیشنل کنسورشیم فار انویسٹی گیٹو جرنلسٹ کی جانب سے لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات کی سخت مذمت کی ہے جنہیں اب خود کنسورشیم نے ایک صحافتی غلطی قرار دیا ہے جبکہ کابینہ نے مطالبہ کیا ہے کہ کنسورشیم اس غلطی کے ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف فوری کارروائی کرے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم پاکستان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اس اقدام کو سراہا کہ انہوں نے خود اپنے آپ کو اور اپنے پورے خاندان کو کھلے احتساب کے لئے سپریم کورٹ آف پاکستان کے سامنے پیش کر دیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان کے عوام، چند مفاد پرست اور ترقی دشمن افراد کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پاکستان کی خوشحالی اور عوامی ترقی کے اس سفر کو سبوتاژ کریں۔ کابینہ نے مالی سال 2016-17ءکے لئے بجٹ حکمت عملی پر مرکوز ایجنڈے پر غور کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=2640