اسلام آباد ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کوئٹہ میں ایف سی اہلکاروں پر حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ملوث عناصر کا سراغ لگانے کی ہدایت کی ہے۔ جمعہ کو ایوان وزیراعظم کے میڈیا سیل کے بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملے دہشت گردوں کی مایوسی کے عکاس ہیں جو بہادر سیکورٹی فورسز کی بے شمار قربانیوں کی بدولت کم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم غیر متزلزل قومی عزم کے ذریعے مادر وطن سے دہشت گردوں اور انتہاءپسندوں کا صفایا کریں گے۔