
وزیراعظم محمد نوازشریف نے ساڑھے 16 کلومیٹر طویل لاہور مشرقی بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا
منصوبہ 28 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا، ہیوی ٹریفک لاہور شہر میں داخل ہوئے بغیراپنی منزل کو بلاتعطل رواں دواں رہے گی، راوی پل اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا دباﺅ کم ہوگا
کالا شاہ کاکو ۔02 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے ساڑھے 16 کلو میٹر طویل لاہور مشرقی بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، یہ منصوبہ 24 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہو گا جس سے ہیوی ٹریفک لاہور شہر میں داخل ہوئے بغیر اپنی منزل کو بلاتعطل رواں دواں رہے گی اور راوی پل اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا دباﺅ کم ہوگا۔ وزیراعظم نے جمعہ کو وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور دیگر کے ہمراہ کالا شاہ کاکو میں لاہور مشرقی بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ یہ منصوبہ 6 لین پر مشتمل ہو گا جبکہ ہر لین کی چوڑائی 3.6 میٹر اور 3 فٹ کا شولڈر ہوگا۔ یہ منصوبہ نیازی انٹرچینج سے 3.3 کلو میٹر دور رنگ روڈ سے منسلک ہوگا۔ یہ منصوبہ محمود بوٹی انٹرچینج سے شروع ہوکر جی ٹی روڈ اور لاہور اسلام آباد موٹروے پر اختتام پذیر ہوگا۔ اس شاہراہ پر ٹریفک کی حد رفتار120 کلو میٹر ہوگی۔ منصوبے سے مشرقی اور جنوبی لاہور میں ٹریفک کا دباﺅ کم ہوگا جبکہ راوی پل اور جی ٹی روڈ پر بھی ٹریفک کے بہاﺅ میں کمی ہوگی۔