وزیراعظم محمدشہبازشریف کی بھارتیہ جنتاپارٹی کے رہنماء کی جانب سے نبی کریمﷺ کے بارے میں گستاخانہ الفاظ کی شدیدمذمت

189

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وزیراعظم محمدشہبازشریف نے بھارتیہ جنتاپارٹی کے رہنماء کی جانب سے نبی کریمﷺ کے بارے میں گستاخانہ الفاظ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مودی کی قیادت میں بھارت میں مذہبی آزادیوں کوپامال کیاجارہاہے جبکہ مسلمانوں پر ظلم وستم کا سلسلہ جاری ہے، دنیابھارت کے ظلم وستم کا نوٹس لیں اورسختی سے اس سے بازپرس کی جائے۔

اتوارکواپنی ٹویٹ میں وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہاکہ وہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ کے بارے میں بھارتیہ جنتاپارٹی کے رہنما کے دل آزاری پرمبنی بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ وہ بارہا کہہ چکے ہیں کہ مودی کی قیادت میں بھارت میں مذہبی آزادیوں کوپامال کیاجارہاہے جبکہ مسلمانوں پرظلم وستم کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ دنیابھارت کے ظلم وستم کا نوٹس لیں اورسختی سے اس سے بازپرس کی جائے۔وزیراعظم نے کہاکہ نبی کریم ﷺ سے محبت ہمارے لئے سب سے بڑھ کرہے۔ تمام مسلمان اپنے پیغمبر کی محبت اوراحترام میں اپنی جانوں کی قربانی دے سکتے ہیں۔