وزیراعظم نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ فی الفور حل کرنے کی ہدایت کی ہے،کابینہ کمیٹی ملازمین سے بات چیت کر رہی ہے ، احتجاج کرنے والے مطمئن ہوں گے، وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا تقریب سے خطاب

80

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی سیاسی خود غرضی کی ایک اور مثال یہ ہے کہ وہ ہر اجتجاج میں اپنے جھنڈے لیکر پہنچ جاتے ہیں ‘ آج حکومت جن مشکلات اور مسائل کا شکار ہے اس کے ذمہ دار مسلم لیگ( ن) اور پیپلز پارٹی ہیں ‘ ان دونوں پارٹیوں نے ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹا اور اپنے اثاثے بناتے رہے‘ ملکی مفاد کے بیانیے کے ترویج کے لئے دیگر شعبوں کی طرح میڈیا کا بھی اہم کردار ہے‘ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھارہی ہے ۔وہ بدھ کو نیشنل پریس کلب میں دیر بالا پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ دیر بالا پریس کلب کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ اسلام آباد آئے ہیں ‘ دیر بالاپریس کلب کا نیشنل پریس کلب کے ساتھ قریبی رابطہ اچھی بات ہے ، اس سے پیشہ وارانہ صلاحتیں بہتر ہونگی ۔ انہوں نے دیر بالا پریس کلب کے عہدیداران کو یقین دہائی کرائی کہ جلد دیر بالا پریس کلب کا دورہ کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ صحافی اپنے مقامی، علاقے مسائل کو اجاگرکرنے کے ساتھ ساتھ ملکی مفاد کے بیانیے کی ترویج کے لئے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کابینہ کے اکثر اجلاسوں میں سرکاری ملازمین کا ذکرکرتے رہے ہیں ‘ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ فی الفور حل کیا جائے اس سلسلے میں اعلی سطحی کابینہ کمیٹی بھی قائم ہے جس میں وفاقی وزرا پرویز خٹک ‘ شیخ رشید ‘ عبدالحفیظ شیخ شامل ہیں ‘یہ کمیٹی ملازمین سے بات چیت کر رہی ہے ‘ احتجاج کرنے والے مطمئن ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے مسائل کی بنیادی وجہ سابقہ حکومتوں کی نااہلی اور منصوبہ بندی کا فقدان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر چیلنجز ، کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے باوجودملکی معیشت کودوبارہ بحال کیا ‘ تعمیرات ‘ ٹیکسٹائل سمیت ہر شعبے میں بہتری آئی ہے خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان کی معاشی کارکردگی بہت بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مہنگائی میں کمی اورروزگار کے مواقع پیدا ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر کے صحافیوں کو صحت کارڈ فراہم کرنے کی تجویز وزیراعظم کو دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچنے شروع ہو گئے ہیں ۔