وزیراعظم پاکستان عمران خان کی لگاتار دوسری مرتبہ جشن آزادی گلگت بلتستان کی مرکزی تقریب میں شرکت سے گلگت بلتستان کے باسیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

107

گلگت۔1نومبر (اے پی پی):وزیراعظم پاکستان عمران خان کی لگاتار دوسری مرتبہ جشن آزادی گلگت بلتستان کی مرکزی تقریب میں شرکت سے گلگت بلتستان کے باسیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔اس سے پہلے کسی بھی سربراہ حکومت نے اس طرح گلگت بلتستان کی جشن آزادی کی تقریب میں شرکت نہیں کی۔ اتوار کے روز گلگت بلتستان کے 74 واں جشن آزادی منایا گیا جس کی مرکزی تقریب ایف سی این اے ہیلی پیڈ گراؤنڈ گلگت میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان،گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون،نگران وزیراعلی گلگت بلتستان میر افضل خان ،وفاقی وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور،اعلی عسکری،سول قیادت،سکولوں کے طلباء،طالبات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر افواج پاکستان،پاک رینجرز،گلگت بلتستان سکاؤٹس،جی بی پولیس کے خصوصی دستوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا اور وزیر اعظم کو سلامی دی۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔وزیراعظم پاکستان عمران خان کو اپنے درمیان پا کر شرکاء میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔اس موقع پر وزیراعظم پاکستان عمران نے وعدہ کیا ہے کہ جب تک ان کی حکومت قائم ہے وہ ہر سال جشن آزادی گلگت بلتستان میں شرکت کرینگے۔انہوں نے گلگت بلتستان کی خوبصورتی،لوگوں کی بہادری اور جفاکشی کی کی تعریف کی۔اس سے پہلے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون اور نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل خان نے وزیراعظم پاکستان کو جشن آزادی گلگت بلتستان تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنی اور گلگت بلتستان کی عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔