وزیراعظم کا ٹین بلین ٹری سونامی پراجیکٹ عالمی سطح پر پاکستان کی پہچان بن گیا ہے، ملک امین اسلم

38

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا ٹین بلین ٹری سونامی پراجیکٹ عالمی سطح پر پاکستان کی پہچان بن گیا ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ٹین بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے حوالے سے تعاون کے نتیجے میں مقامی لوگوں کے لئے معاشی مواقع پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کے بعد اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی سفیر نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے لئے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور سعودی عرب کو گرین انیشی ایٹیوز کے لئے تعاون کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے اقدام کا مثبت جواب دیا ہے اور سعودی عرب میں ٹین بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کی طرز پر منصوبہ شروع کرنے کے سلسلے میں پانچ سالہ تعاون کے لیے ایک ہفتے کے اندر اپنا ڈرافٹ فریم ورک ارسال کیا ہے۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ مجوزہ فریم ورک کا مسودہ حتمی منظوری کے لئے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا جس کے بعد اس کا آغاز کردیا جائے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے نہ صرف دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ اس سے پاکستانیوں کے لئے وسیع معاشی مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹین بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے اور یہ دنیا میں پاکستان کی پہچان بن گیا ہے، اب سعودی عرب بھی ایسا منصوبہ شروع کرنے جا رہا ہے۔ امین اسلم نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے ماحولیات، جنگلات، ایکو سسٹم کی بحالی، قابل تجدید توانائی، آبی وسائل اور آبپاشی جیسے امور میں تعاون کے لیے معاہدے کی پیشکش ہمارے لئے اعزاز ہے ۔