لاہور۔9جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبا ز شریف نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید کے دنوں میں صفائی کی مشینری کو شفٹوں میں 24گھنٹے فعال رکھیں اور عوام کی دہلیز سے آلائشیں اٹھانے کے عمل کو یقینی بنائیں،مون سون کی بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی کی جائے، عید الاضحیٰ کے دنوں میں مری میں سیاحوں کی آمد پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لئے مناسب حکمت عملی ترتیب دی جائے ۔
ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت عید الاضحیٰ کے حوالے سے عوام کی سہولت کے لئے اقدامات اور عید کے دنوں میں صفائی کے نظام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو پنجاب میں عید الاضحیٰ کے دوران صفائی کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ عید کے دنوں میں صفائی کی مشینری کو شفٹوں میں 24گھنٹے فعال رکھیں اور عوام کی دہلیز سے آلائشیں اٹھانے کے عمل کو یقینی بنائیں۔وزیراعظم نے واسا حکام کو سخت ہدایت جاری کی کہ مون سون کی بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی کی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عید الاضحیٰ کے دنوں میں مری میں سیاحوں کی آمد پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لئے مناسب حکمت عملی ترتیب دی جائے۔ انہوں مزید ہدایت کی کہ عید کی چھٹیوں میں بہارہ کہو سے مری تک فیملیز کے لئے فری شٹل سروس چلائی جائے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے حکام کو غیر قانونی مویشی منڈیوں کی روک تھام کے لئے مناسب حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مویشی منڈیوں تک عوام کی سہولت کے لئے شٹل سروس کو یقینی بنایا جائے ۔ مزید برآں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عید کی چھٹیوں میں دفعہ 144 کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عید کے بعد محکموں کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے ،جس محکمے کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہوئی اس کی سرزنش کی جائے گی۔
اجلاس میں مشیر وزیر اعلی ٰ خواجہ سلمان رفیق ، رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری پنجاب ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ، آئی جی پنجاب پولیس ، کمشنر لاہور ڈویژن ، ڈپٹی کمشنر لاہور ، سیکرٹری سیاحت پنجاب، سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب ، سیکرٹری صحت پنجاب،چیئرمین اور ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ، صوبائی و ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران اور پنجاب پولیس کے دیگر سینئر افسران جبکہ چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔