وزیراعظم کی متعلقہ حکام کو گلگت بلتستان کے خطے میں قیمتی پتھروں کی کان کنی کیلئے ایک ماہ کے اندر حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایات کو سراہتے ہیں، احسن ظفر بختاوری

136
Ahsan Zafar Bakhtavari
Ahsan Zafar Bakhtavari

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے وزیراعظم شہباز شریف کی متعلقہ حکام کو گلگت بلتستان کے خطے میں قیمتی پتھروں کی کان کنی کے لئے ایک ماہ کے اندر حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایات کو سراہا ہے ۔پیر کو آئی سی سی آئی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ان کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے انتھک کام کر رہا ہے جس کا مقصد کاروبار کرنے میں آسانی اور ملک کی وسیع سیاحتی صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے سکردو میں حال ہی میں ہونے والی آئی سی سی آئی انٹرنیشنل ٹورازم سمٹ کی کامیابی پر روشنی ڈالی جس نے اس شعبے میں مواقع تلاش کرنے کے لئے سفارتکاروں، کاروباری رہنماؤں اور میڈیا کے نمائندوں کو اکٹھا کیا۔انہوں نے کہا کہ سفارتی برادری نے نہ صرف گلگت بلتستان کی سیاحتی صلاحیت کی تعریف کی بلکہ خطے کے پرکشش مقامات کو اپنے متعلقہ ممالک میں فروغ دینے میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے پاکستان کے قیمتی پتھروں کے ذخائر کو حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا خاص طور پر شمالی اور شمال مغربی خطوں میں، جہاں اعلیٰ قسم کے پتھر جیسے پیریڈوٹ، ایکوامیرین، پکھراج، روبی اور زمرد پائے جاتے ہیں تاہم انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان کی قیمتی پتھروں کی 80 فیصد برآمدات خام شکل میں ہیں جو صنعت کی ترقی اور قومی برآمدات اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفیکیشن کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہیں۔

انہوں نے آئی سی سی آئی کے دوست ممالک کے ساتھ نئے تجارتی اور کاروباری تعلقات کو تلاش کرنے کے عزم پر زور دیا جس سے تمام ممالک کی کاروباری برادری، لوگوں اور حکومتوں  کو فائدہ ہو۔