وزیراعظم کی معاون خصوصی امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ کی زیر صدارت مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرزاور اعلیٰ افسران کا اجلاس

104

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ نے مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرزاور اعلیٰ افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ملک بھر میں نوجوانوں کیلئے مؤثر پالیسیاں وضع کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے یونیورسٹی کے طالب علموں کو بااختیار بنانے کیلئے انٹر پرینیور شپ اور فری لانس صنعت میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

مختلف ممتاز تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے ملک کے تعلیمی شعبہ سے مل کر کام کرنے کیلئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے نظریات کو سراہا۔ معاون خصوصی نے زرعی شعبہ میں جدت لانے ، تربیت کے معیار میں اضافہ، نظام کی ڈیجیٹلائزیشن ، صنفی امتیاز میں کمی اور کمزور طبقات کی شمولیت کیلئے اہم اقدامات کو اجاگر کیا۔ مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے اس حوالہ سے اپنی تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ نچلے درجے سے تربیتی اقدامات کا آغاز کیا جائے اور پھر ان طالب علموں پر توجہ دی جائے جو متعلقہ شعبہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں ہوں، اس کیلئے بین الاقوامی سطح پر طالب علموں اور فیکلٹی ممبران کے تبادلوں سمیت دیگر اقدامات کئے جائیں۔

اجلاس میں جدید نصاب پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ معاون خصوصی نے تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان کو وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ مجوزہ قومی یوتھ کمیشن کے تحت کئی اقدامات کئے جائیں گے جس سے نوجوانوں کو اپنی مہارتوں کو بہتر بنانے اور خوشحال مستقبل کی راہ ہموار ہو گی۔