اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ساری دنیا کو کرونا وائرس کے چیلنج کا سامنا ہے اور حکومت اس عالمی وباءکے خاتمے کے لئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔ منگل کو یہاں ٹی وی چینلز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قیادت کو اس وقت کرونا وائرس کے مسئلہ پر سیاست سے گریز کرنا چاہیے اور وائرس کو دیگر علاقوں تک پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے مل جل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں پوری سیاسی قیادت کو اپنے سیاسی اختلافات فراموش کر دینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے غریبوں بالخصوص محنت کش طبقے کے لئے ایک اقتصادی پیکج کا اعلان کیا ہے تاکہ وہ خود کو محفوظ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح اور نصب العین کرونا وائرس کی روک تھام کرنا ہے۔ اقتصادی پیکج ایک ہزار ارب روپے پر مشتمل ہے جس میں 200 ارب روپے محنت کش طبقے کیلئے مختص کئے گئے ہیں جن میں یہ پیکیج مختلف پروگراموں کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محنت کشوں کو شفاف انداز میں اقتصادی پیکیج فراہم کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ کرفیو آخری آپشن ہو گا، ایسی صورت میں محنت کش افراد زیادہ متاثر ہوں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے توقع ظاہر کی کہ میڈیا کے مسائل جلد حل کر لئے جائیں گے کیونکہ اس سلسلہ میں کام پہلے ہی جاری ہے۔