وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا میڈیا مالکان کو اشتہارات کی ادائیگی کے سلسلے میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

133
APP21-31 ISLAMABAD: May 31 – Special Assistant to Prime Minister on Information and Broadcasting Dr Firdous Ashiq Awan addressing the cheque giving ceremony to Ads Agencies at PID Media Center APP photo by Saeed-ul-Mulk

اسلام آباد ۔ 31 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اشتہارات کی مد میں بقایا جات کی پہلی قسط 19کروڑ روپے کی جاری کر دی گئی ہے، وزیراعظم کی جانب سے یہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لئے عیدالفطر کا تحفہ ہے، میڈیا مالکان سے ایک بیان حلفی لے رہے ہیں کہ اس ادائیگی کو صرف اور صرف صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کے لئے استعمال کیا جائے گا، مشاورت میں طے پانے والے بقایا جات کی ادائیگی حکومت کی ذمہ داری ہے، وزارت اطلاعات و نشریات تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے ساتھ ایک جامع میڈیا پالیسی لا رہی ہے، اس پالیسی میں صحافیوں کی نوکریوں اور جان کے تحفظ، صحت سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی شامل ہو گی، وزیراعظم کی ہدایات پر پی آئی اے کے ذریعے 320 پاکستانیوں کو ملائیشیا سے واپس لائے ہیں، پہلی مرتبہ پی آئی اے کا جہاز خاندانوں کی خدمت کی بجائے دوسرے ملک میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی خدمت کے لئے استعمال ہوا ہے۔ وہ جمعہ کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے میڈیا سینٹر میں میڈیا مالکان کو اشتہارات کی ادائیگی کے سلسلے میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ پی آئی او طاہر خوشنود، سی پی این ای کے عہدیداران اور صحافتی تنظیموں کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔