اسلام آباد ۔ 8 جون (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قومی مقصد کے لیے متحد ہو جائیں اور اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے مادر وطن کے تحفظ کے لیے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے ملکر کام کریں۔ ہفتے کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کی کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ ریاست کی خاطر سیاست کو ایک طرف رکھ دے کیونکہ یہی ملک ہماری پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ حملہ ان لوگوں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے جو پاکستان مخالف دہشت گردی کی کاروائیاں کرنے والوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کے ساتھ اس معاملے پر تعاون کریں اور ان عناصر کے خلاف آواز بلند کریں جو دہشتگردوں کی حمایت کر رہے ہیں۔