ریاض۔10نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے مظلوم کشمیریوںکا ساتھ دینے پر سعودی حکومت کا شکریہ اداکرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایک دن آئے گا جب دنیا میں امن قائم ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین آرگنائزیشن آف مسلم سکالرز محمد العیسی سے ریاض میں ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ملاقات کے دوران انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط مذہبی، سماجی، اقتصادی اور اقتصادی بنیادوں پرقائم دیرینہ تعلقات کا اعادہ بھی کیاگیا۔اس موقع پرمشعال حسین ملک نے خواتین، خواجہ سرائوں اور اقلیتی برادی کی معاشی ترقی کے لیے اپنی وزارت کے 100 روزہ پلان کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نےسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے خواتین کو بااختیار بنانے کےلئے عملی اقدامات کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دینے پر بھی سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ایک دن آئے گا جب دنیا میں امن قائم ہو گا۔