اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کے لیے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی لائحہ عمل کا نفاذ ایک قومی مسئلہ ہے اور ملک سے دہشت گردی کی سرگرمیوں کے مکمل خاتمے کے لیے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے اس پر عملدرآمد کے لیے اتفاق کیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔ ترجمان وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے اپوزیشن کی حمایت کے باوجود نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں کیا، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد صرف ایک سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں بلکہ اس سلسلے میں ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اب حکومت کی حمایت کر رہی ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے ذریعے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔