
اسلام آباد ۔08 مئی (اے پی پی) پاکستان اور اومان نے علاقائی رابطوں کو فروغ دینے اور اقتصادی ترقی کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے اور مل کر چلنے کیلئے مختلف ذرائع پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے اومان کے وزیر خارجہ یوسف بن الوانی بن عبداﷲ کے ہمراہ پیر کو یہاں دفتر خارجہ میں ملاقات کے بعد کہا کہ پاکستان اور عمان منفرد جغرافیائی و اقتصادی مقام کے حامل ہیں اور اومان علاقائی اور بین الاقوامی امور میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے حوالہ سے بہت سے باہمی دلچسپی کے اہم امور پر ہمارے خیالات ایک جیسے ہیں، ہم نے اتفاق کیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین باقاعدہ سیاسی بات چیت ہونی چاہئے تاکہ مختلف معاملات پر اپنی ہم آہنگی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اومان روایتی شراکت دار رہے ہیں اور مختلف بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے رہے ہیں اور مختلف بین الاقوامی اداروں کی رکنیت کے حوالہ سے بھی انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا ہے۔