وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد کی ملائیشیا کے سرمایہ کاروں کے گروپ اور ملک بھر کی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی صدور سے ملاقات کے دوران گفتگو

128

اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے اقدامات کر رہی ہے، پاکستانی مارکیٹ پر اعتماد بڑھانے کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ملائیشیا کے سرمایہ کاروں کے ایک گروپ اور ملک بھر کی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی صدور سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملائیشین ایڈوکٹو گروپ کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر کے ہمراہ وزیراعظم کے مشیر سے ملاقات کی۔ ایڈوکٹو گروپ ایشیاءمیں ٹیلی کمیونیکیشن کے ڈھانچہ کی خدمات میں ممتاز حیثیت رکھتا ہے۔ یہ گروپ ٹاور سیکٹر، انرجی ٹرانسمیشن، آپریشنز اور مینیٹیننس میں شاندار مہارت کا حامل ہے۔ گروپ کے چیئرمین عزت کمال الدین نے بتایا کہ پاکستان کی مارکیٹ میں بے پناہ کشش ہے، یہاں نوجوان آبادی کا ایک بڑا طبقہ ہے، ملک میں ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبہ میں استعداد موجود ہے جبکہ موجودہ حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے مراعات بھی دی ہیں، ان وجوہات کی بناءپر ہمارا گروپ پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ کرے گا۔ وزیراعظم کے مشیر نے وفد کو سرمایہ کاری میں اضافہ اور پاکستانی مارکیٹ پر بیرونی اعتماد کی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں ملک اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ انہوں نے کمپنی کو پاکستان میں سرمایہ کاری میں ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔ قبل ازیں ملک بھر کی ویمن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی صدور نے وزیراعظم کے مشیر سے ملاقات کی۔ وفد نے فنانس بل 2019ءسمیت اقتصادی پیکیج اور تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ وفد نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر منعقدہ نمائشوں میں کاروباری خواتین کی شمولیت میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد نے بتایا کہ کاروباری خواتین غیر روایتی مارکیٹ میں تجارتی مواقع میں دلچسپی رکھتی ہیں جس کیلئے حکومت کی جانب سے خصوصی تعاون کی ضرورت ہو گی۔ وفد نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام نمائشوں میں اضافہ کی ضرورت پر بھی زور دیا اور اس ضمن میں بہاولپور میں گھریلو دستکاریوں کی نمائش کی تجویز پیش کی۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ حکومت ایسی پالیسیاں مرتب کرنے میں پرعزم ہے جس کے نتیجہ میں خواتین کی شمولیت میں اضافہ ہو گا جس سے برآمدی شعبہ بھی فروغ پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری خواتین بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو اضافی معاونت کی فراہمی پر بھی غور کر رہی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ حکومت خواتین کو سماجی و اقتصادی سطح پر بااختیار بنانا چاہتی ہے اور اس ضمن میں تجارت اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں میں خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے وفد کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن حمایت کا یقین دلایا۔