اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے اور پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں حصہ لینے پر چین کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ ملاقات کے دوران چینی سفیر نے چین کے صدر کی موجودہ سال کے وسط میں پاکستان کے مجوزہ دورہ کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے مابین معیشت، بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر اور تحقیق و ترقی کے شعبوں میں جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے اور پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں حصہ لینے پر چین کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران چین۔پاکستان اقتصادی راہداری کے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور سی پیک کے دوسرے فیز کے تحت پاکستان میں سماجی، ثقافتی اور تحقیق و ترقی کے میدان میں چینی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چین کے سفیر نے ملک میں معاشی استحکام لانے اور معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کی حکومتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے چین کے نجی شعبہ کی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے بھی آگاہ کیا۔