اسلام آباد ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا دائرہ مرحلہ وار پورے پاکستان میں بڑھائے گی، اسلام آباد کو پولی تھین بیگز سے تقریباً پاک کر دیا ہے، وزارت موسمیاتی تبدیلی گھروں میں گرین بیگز تیار کرنے والی خواتین کو ہرممکن مدد فراہم کرے گی، اس سے مقامی افراد کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ جمعرات کہ یہاں ایک بڑے شاپنگ پلازہ میں گرین بیگز مہیا کئے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجود حکومت کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا دائرہ مرحلہ وار پورے پاکستان میں لے کر جائے گی، پہلے مرحلے میں اسلام آباد کو پولی تھین بیگز سے فری کیا جارہا ہے، ان کے متبادل گرین بیگز متعارف کروائے گئے ہیں جس سے مقامی سطح پر روز گار کے موقع پیدا ہوئے ہیں۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ چھوٹی سطح پر بیگز تیار کرنے والی خواتین کو مارکیٹ کے بڑے شاپنگ پلازہ میں سٹال مہیا کئے جا رہے ہیں۔ خواتین اور کراس جینڈر حضرات ان سٹالز پر بلا معاوضہ اپنا سامان رکھ کر فروخت کر سکتے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی گھروں میں گرین بیگز تیار کرنے والی خواتین کو ہرممکن مدد فراہم کرے گی۔ ملک امین اسلم نے مزید کہا کہ ہم اسلام آباد کے عوام اور دکانداروں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہے جنہوں نے اس مہم میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔