وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان عباسی کا اجلاس میں اظہار خیال

165

اسلام آباد ۔ 18 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان عباسی نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن کی ری سٹرکچرنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ جمعرات کو سینٹ کی خصوصی کمیٹی جو پی آئی اے کی کارکردگی کے حوالے سے کام کر رہی ہے، کا اجلاس کنونیئر سینیٹر مشاہد اللہ خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیپرا رولز کے برخلاف ایک جرمن فرم کو پی آئی اے ایئر بس کی فروخت، دوران پرواز پائلٹ کے سونے اور چینی خاتون کی کاک پٹ میں موجودگی کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔ مشیر ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان عباسی نے کمیٹی کو بتایا کہ حکومت کے سامنے پی آئی اے کے حوالے سے تین آپشن تھے، ایک یہ کہ ایئر لائن کو اسی طرح چلنے دیا جائے جس طرح وہ چل رہی ہے، دوسرا یہ کہ اسے دیوالیہ قرار دیدیا جائے اور اس کے سٹاف کو فارغ کر دیا جائے یا پھر اس کی مکمل ری سٹرکچرنگ کی جائے۔ حکومت نے تیسرے آپشن کو استعمال کیا اور پی آئی اے کی بحالی کیلئے بہت سے اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ ری سٹرکچرنگ آسان عمل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کمیٹی کی طرف سے پیش کی گئی رپورٹ بہت اہم ہے۔ انہوں نے کمیٹی سے درخواست کی کہ سب کمیٹی کی سفارشات پر لازماً عملدرآمد نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اس طرح ادارے کو چلانا مشکل ہو جائے گا۔