اسلام آباد ۔ 11 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوسی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کا اتحاد جاری رہے گا۔ نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ سمیت اس کے تمام اتحادیوں میں کسی قسم کا کوئی اختلاف رائے نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری احتساب کے عمل پر حکومت کے تمام اتحادی ایک صفحے پر ہیں اور عوام کی زندگی میں خوشگوار تبدیلی لانے کے لیے حکومتی اقدامات اور عوام دوست پالیسیوں کی مکمل حمایت کر رہے ہیں۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی پر مکمل اعتماد کرتی ہے جو بطور سپیکر پنجاب اسمبلی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر افواہوں کے ذریعے دونوں جماعتوں کے درمیان اختلاف پیدا کرنا چاہتے ہیں۔