اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے۔ پاکستان کی آبادی کا 68 فی صد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جو کہ ہماری سب سے بڑی طاقت اور قومی سرمایہ ہیں۔ پروگرام کے تحت قرضوں کا اجراءانتہائی شفاف انداز میں، خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کی مد میں 100 ارب روپے مختص کئے گئے ۔بدھ کو نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر معاون خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے اپنے خصوصی پیغام میں کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نوجوانوں کی بھر پور حمایت کی مرہون منت ہے اور یہی نوجوان، پاکستان میں حقیقی تبدیلی کے علم بردار ہیں۔ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے” نیشنل یوتھ ڈیویلپمنٹ فریم ورک” کی صورت میں ایک مفصل اور جامع لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ اس فریم ورک کے مندرجات میں نوجوانوں کی سماجی, سیاسی اور معاشی ترقی کیلئے اہداف متعین کئے گئے جن کی روشنی میں عملی اقدامات اٹھائے گئے ۔وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام، نوجوانوں کو تعلیم و ہنر کی فراہمی کے ساتھ ساتھ، انہیں باروزگار اور بااختیار بنانے کا منصوبہ ہے۔10 ارب روپے کی لاگت سے کامیاب جوان پروگرام کے تحت ہنر مند پاکستان کا آغاز کیا جو نوجوانوں کو روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ جدید علوم اور ٹیکنالوجی میں مہارت سے آراستہ کریگی۔ عثمان ڈارنے کہاکہ نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کی مد میں 100 ارب روپے مختص کئے گئے۔ اس تاریخی منصوبے پر عملدرآمد جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت سمجھتی ہے کہ ملک میں حقیقی تبدیلی و ترقی اور خوشحالی کا انحصار نوجوانوں کی توانائیوں کو بروئے کار لانے پر ہے۔نوجوانوں کو میرا پیغام ہے کہ کامیاب جوان کا حصہ بنیں۔میں ان کو یقین دلاتا ہوں کہ پروگرام کے تحت قرضوں کا اجراءنتہائی شفاف انداز میں، خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔