اسلام آباد ۔ 24 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کی کاروباری برادری سمیت عام آدمی کے ریلیف کے لیے کاروبار دوست سپلیمنٹری بجٹ 2019ءپیش کیا ہے۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ سپلیمنٹری بجٹ کو کاروباری افراد سمیت تاجروں اور معاشرے کے تمام طبقات کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حالیہ سپیلمنٹری بجٹ کا قومی معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی بجٹ کے ذریعے سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ کیا جائے گا جس کے قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملک کو اقتصادی بحران کا سامنا تھا لیکن موجودہ حکومت کی موثروکارآمد پالیسیوں کی وجہ سے اب ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔