اسلام آباد ۔03 فروری(اے پی پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے نئی پالیسی پر کام شروع کر دیا ہے۔ اتوار کو ”اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے صوبوں کے تعاون اور اشتراک سے کوششیں کی جائیں گی،صوبوں کے تعاون سے یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت حکومتی اقدامات کے نتیجے میں زیادہ سے زیادہ نوجوان مستفید ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے نیشنل یوتھ امپاورمنٹ کارڈ کا اجراء کیا جائے گا اور معاشرے کے پسماندہ طبقات بالخصوص معذور افراد اور دیہی علاقوں کے نوجوان بھی اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ انڈومنٹ فنڈ کے لئے ایک جامع حکمت عملی وضع کی گئی ہے تا کہ نوجوان نیا کاروبار شروع کر سکیں اور ان کی مدد کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نوجوانوں کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ان کی فلاح کے لئے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرے گی۔