اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان آذربئیجان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے ان سے پیر کو دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور علاقائی ترقی کے حوالے سے تمام امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ اعلی سطح پر سیاسی اور کاروباری وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا گیا۔ طارق فاطمی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان فضائی رابطوں میں اضافے سے دو طرفہ تجارت، عوام کے مابین رابطوں اور اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ معاون خصوصی نے آذر بائیجان کے سفیر کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔