
اسلام آباد ۔ 6 جنوری (اے پی پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے کہا ہے کہ تحفظ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اس پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، وزیراعظم عمران خان خود عاشق رسول ہیں، دنیا بھر میں ختم نبوت یا اسلام کے خلاف کوئی بات ہو گی تو پاکستان سب سے پہلے اس کا دفاع کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز دربار گولڑہ شریف پر ”ختم نبوت عالمی کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ زلفی بخاری نے کہا کہ ختم نبوت کے حوالے سے جب بھی کوئی مسئلہ درپیش آیا ہے تو سب سے پہلے اُس کے خلاف دربار گولڑہ سے آواز بلند کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود عاشق رسول ہیں دنیا نے دیکھا جب انہوں نے سرکار دوعالم کے روزہ پر ننگے پاﺅں حاضردی۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت یا اسلام کے خلاف کہیں کوئی بات ہو گی تو پاکستان سب سے پہلے اس کا دفاع کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم آخری نبی محمد کی امت میں پیدا ہوئے اور یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے کہ ہم حضور اکرم کی تعلیمات پر عمل کریں،اللہ تعالی نے محمد کو رحمت اللعالمین بناکر بھیجا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گولڑہ شریف کے سجادہ نشین پیر نظام الدین جامی نے کہا کہ ہر سال ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد نمود و نمائش کےلئے نہیں بلکہ ختم نبوت کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیاءاور علماءکا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے اپنی تعلیمات کے ذریعے ہمیشہ محبت اور امن کا درس دیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی نے کہا کہ ہم ختم نبوت کے محافظ ہیں اور پاکستان کا آئین قادیانیوں کو غیرمسلم قرار دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے انبیائے کرام کو معجزات سے نوازا اور ہمارے آخری نبی الزماں کو اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک کی صورت میں بہترین معجزہ عطاءفرمایا جو رہتی دنیا تک ہم سب کے لئے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ اس موقع پر علامہ کوکب نورانی نے کہا کہ درباروں، درگاہوں اور خانقاہوں سے محبت ، امن کا درس ملتا ہے کیونکہ صوفیاءنے اسلام کی ترویج میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے برطانیہ سے آئے ہوئے مذہبی سکالر سید اسرار الحسن شاہ نے کہا کہ تمام مسلم امہ کو متحد ہو کر سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا، مسلمان متحد ہو جائیں تو کفار ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ کانفرنس کے اختتام پر دربار حضرت پیر مہرعلی شاہ پر فاتحہ خوانی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ کانفرنس میں ملک بھر سے عقیدت مندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔