وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کا پریس کانفرنس سے خطاب

132

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے کہا ہے کہ شہریوں کو ڈینگی بخار کے علاج معالجے کے لئے موثر حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے، اسلام آباد کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی سہولت کے لئے خصوصی او پی ڈیز قائم کی گئی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر اعداد و شمار جاری کئے جا رہے ہیں، ہسپتالوں میں اوقات کار ڈبل کر دیئے ہیں اور ادویات بھی وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ظفر مرزا نے کہا کہ ڈینگی سے سب سے زیادہ شہری پوٹھوہار کے علاقے سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ صوبہ سندھ میں 95 فیصد کیسز کراچی سے رپورٹ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی صورتحال کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ عوام کو باخبر رکھا جائے، جو بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں ان سے عوام کو آگاہ رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت صحت کی ذمہ داری ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اعداد و شمار جاری کرے۔ اعداد و شمار کے مطابق اپنی حکمت عملی حالات کے مطابق ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 2827 کیسز ہیں جن میں سے 84 فیصد خطہ پوٹھوہار کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں 2474 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 95 فیصد کیسز کراچی سے رپورٹ ہوئے۔ کے پی کے میں 2760 اور بلوچستان میں 1780 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ وہ خود مختلف ہسپتالوں کے دورے کر رہے ہیں اور مریضوں سے ان کے علاج معالجہ کے بارے میں معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز میں نے جن مریضوں سے بات کی ان کی صورتحال کافی تسلی بخش تھی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ضرورت محسوس ہو رہی ہے وہاں اضافی بیڈز مہیا کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام ہسپتالوں میں وافر مقدار میں ادویات موجود ہیں، کسی بھی ہسپتال میں ادویات کی کوئی کمی نہیں۔