وزیراعظم کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک کی برطانوی ہائی کمشنر اور ڈپٹی ڈائریکٹر(ٹریڈ) سے ملاقات

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے برطانوی ہائی کمیشن کے ہائی کمشنر اینڈریو ڈالگلیش اور ڈپٹی ڈائریکٹر(ٹریڈ) ڈیپارٹمنٹ برائے بین الاقوامی تجارت حمید کمال سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اقدامات ، برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل اور اہم دو طرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے ملکی معیشت میں مزید سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پاکستان میں سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے کے امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے برطانیہ سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی سہولت کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا، جس میں جائز خدشات جیسے کہ سرمائے کے آزادانہ بہا ئوکے مسئلہ کے فوری ازالے کے لیے ایک طریقہ کار کی تشکیل بھی شامل ہے ۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے کیونکہ برطانیہ میں پاکستانی نژاد 1.6 ملین سے زائد شہریوں کا گھر ہے اس لیے ان کے خدشات پر مناسب غور کرنے کی ضرورت ہے۔

دونوں فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کی اہمیت پر زور دیا اور بریگزٹ کے بعد کے منظر نامے میں برطانیہ کی ترقی پذیر ممالک کی تجارتی اسکیم (ڈی سی ٹی ایس) کے تحت نئی راہیں اور منڈیوں کو تلاش کرنے، مصنوعات اور خدمات کو متنوع بنانے اور ملازمتیں پیدا کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پاکستان سے برطانیہ کو ڈیوٹی فری برآمدات سمیت پاکستان کے لیے ٹیرف میں کمی اور آسان شرائط کے امکانات کو بھی اجاگر کیا۔

ہائی کمشنر اینڈریو ڈالگلیش نے مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کی اقتصادی صلاحیت کو بروئے کار لانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کئی شعبوں میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ مضبوط اقتصادی تعلقات کا اعتراف کیا۔ ملاقات میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل پر مناسب غور کرنے کے عزم کے ساتھ انکے خدشات کو بھی دور کیا گیا ۔ ملاقات کے دوران اہم دو طرفہ اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔