وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے سہولیاتی مرکز میں قائم سمندر پار پاکستانیوں کے لئے خصوصی کائونٹر کا افتتاح کیا

171

اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے ریاست مدینہ کی بات کی، کسی مدرسے کی رجسٹریشن منسوخ نہیں کی جائے گی نہ ہی نصاب تبدیل کیا جا رہا ہے، حکومت کو عوام کی حمایت حاصل ہے ، اسے کوئی خطرہ ہے نہ کسی کے کہنے پرگرے گی، میرے خیال میں مولانا 27 اکتوبر کو نہیں آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سیکٹر ایف سکس میں پولیس سہولیاتی مرکز کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پروزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے سہولیاتی مرکز میں قائم سمندر پار پاکستانیوں کے لئے خصوصی کائونٹر کا افتتاح کیا۔ آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذو الفقار نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی نے گیارہ ماہ کے قلیل عرصہ میں سہولیاتی مرکز کی عمارت کی تعمیر مکمل کی۔ شہری پولیس سے متعلقہ اپنی 13 دستاویزات اس سہولیاتی مرکز سے حاصل کر سکیں گے۔ آئی جی نے بتایا کہ اوورسیز کاؤنٹر اپنی نوعیت کا پہلا سہولیاتی کاؤنٹر ہوگا جہاں سمندر پار پاکستانی اپنی شکایات درج کروا سکیں گے۔ سمندر پار پاکستانی کاوئنٹر سے پولیس سے متعلقہ دستاویزات بھی بنوا سکیں گے۔ کاؤنٹر پر موجود ٹیم سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں تعاون فراہم کرے گی۔ سمندر پار پاکستانی پراپرٹی پر قبضے کی شکایت بھی کر سکتے ہیں۔ سمندر پار پاکستانیوں کو بیرون ملک بے فکری سے رہنے کے لئے یہ سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ پولیس اور اوپی ایف ملکر سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کسی مدرسے کی رجسٹریشن منسوخ نہیں کی جائے گی، اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، میرے خیال میں مولانا 27 اکتوبر کو نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے ریاست مدینہ کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کا نصاب تبدیل نہیں کیا جا رہا بلکہ انہیں اعلیٰ تعلیم دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ مدرسوں کو چھیڑ رہے ہیں اور نہ نصاب تبدیل کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کو سہولیاتی مرکز کے قیام پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پولیس کا اقدام وزیراعظم کے وژن کے عین مطابق ہے۔