اسلام آباد ۔ 14 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی نے کہا ہے کہ بھارت گذشتہ چند ماہ سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، لائن آف کنٹرول پر گذشتہ چند ماہ سے جاری بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری سے اب تک 26 پاکستانی شہید اور 110 کے لگ بھگ زخمی ہو چکے ہیں، بھارتی افواج سرحد پر موجود پاکستانی آبادی اور ان کی املاک کو نشانہ بناتے ہیں جو دہلی حکومت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزی کی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کو مذمت کرنی چاہیے کیونکہ بھارت بلاوجہ اشتعال انگیزی پیدا کر نا چاہتا ہے جس کے منفی اثرات سے پورا خطہ متاثر ہو سکتا ہے، بھارت سرحدوں پر کشیدگی پیدا کر کے کشمیریوں کی پرامن تحریک آزادی پر اثر انداز ہونا چاہتا ہے، کشمیریوں کی پرامن تحریک آزادی نے بھارت کو پاگل کر رکھا ہے، بھارتی جارحیت مقبوضہ کشمیر میں نہ تو پہلے کشمیریوں کو دبانے میں کامیاب ہوئی ہے اور نہ ہی اب ہوگی کیونکہ کشمیری اپنے بنیادی حق حق خود ارادیت کا پختہ عزم لیے اپنی پرامن تحریک کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور کشمیری نوجوانوں کی حالیہ شہادتوں نے اس تحریک میں ایک نئی لہر پھونک دی ہے۔