بیجنگ ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے یہاں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ چین پاکستان اقتصادی راہداری، اقتصادی تعاون، انسداد دہشت گردی، شنگھائی تعاون تنظیم، ثقافت، تعلیم اور عوامی رابطوں سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ سمیت کثیر طرفہ فورم پر تعاون کے معاملہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے چین کے وزیر خارجہ کو بتایا کہ پاکستان نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت حاصل کرنے کے تمام تقاضوں پر پورا اترتا ہے۔ انہوں نے چینی وزیر خارجہ کے ساتھ کشمیر، افغانستان، جنوبی ایشیاءسمیت علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ طارق فاطمی نے چینی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔